محنت کشوں کا اتحاد ناگزیرنجکاری اور ٹھیکیداری نظام مسترد عزت کمال پاشا
personشہر اقتدار
مئی 01, 2026
0
share
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم سے یومِ مئی پر مشترکہ جدوجہد کا اعلان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر نیشنل پریس کلب کے باہر محنت کشوں، مزدور یونینز، سی ڈی اے ایمپلائز یونین، صحافیوں اور مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کا ایک بھرپور عوامی اجتماع منعقد ہوا۔ شرکاء نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، نجکاری، جبری بے دخلی، آزادیٔ اظہار پر پابندیوں اور مزدوروں کی برطرفیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عزم دہرایا یہ اجتماع پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین کی کال پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم سے منعقد کیا گیا جبکہ سی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا گروپ) نے تنظیم، رابطہ کاری اور مختلف یونینز کو یکجا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا
اجتماع میں شریک تنظیموں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے، پبلک سیکٹر اداروں کی نجکاری روکنے، مزدوروں کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ ختم کرنے اور آزادیٔ اظہار کو یقینی بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔ اعلامیے میں کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے مقرر کرنے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرانے پر بھی زور دیا گیاشرکاء نے 1886ء کے شکاگو کے مزدور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی
قربانیاں آج بھی دنیا بھر کے محنت کشوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں مزدور طبقہ نجکاری، بے دخلی، پنشن میں کٹوتیوں اور بنیادی حقوق کی پامالی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، جس کے خلاف منظم جدوجہد ناگزیر ہےاجتماع میں اس امر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا
گیا کہ ملک میں معاشی ناہمواری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ایک طرف دولت چند ہاتھوں میں مرتکز ہو رہی ہے جبکہ دوسری جانب مزدور، کسان اور متوسط طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہیںاسلام آباد کی قدیمی بستیوں مسلم کالونی، نورپور شاہاں اور سیدپور سے مکینوں کی بے دخلی کو سنگین انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیامقررین کا کہنا تھا کہ محنت کش طبقہ اب بکھرا ہوا نہیں بلکہ ایک منظم اور مشترکہ جدوجہد کی طرف بڑھ رہا ہے، اور اس اتحاد کو ممکن بنانے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا گروپ) نے
مرکزی کردار ادا کیا ہےراولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی نے کہا کہ میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفیاں لمحۂ فکریہ ہیں، تاہم متحد ہو کر اس استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انفارمیشن سیکرٹری مدثر الیاس کیانی نے صحافیوں کے خلاف مقدمات اور آزادیٔ اظہار پر قدغنوں کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے ان اقدامات کی فوری واپسی کا مطالبہ کیاسی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا
گروپ) کے جنرل سیکرٹری عزت کمال پاشا نے کہا کہ نجکاری اور ٹھیکیداری نظام مزدور دشمن پالیسیاں ہیں جنہیں ختم کیا جانا چاہیے، جبکہ نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے کہا کہ یومِ مئی محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا دن ہےپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ آزادیٔ اظہار پر قدغنیں مزدور اور صحافی دونوں کی آواز دبانے کے مترادف ہیں اور سچ بولنے کی آزادی کے بغیر انصاف
ممکن نہیںاجتماع کے اختتام پر متفقہ طور پر منشورِ مطالبات پیش کیا گیا، جس میں پبلک سیکٹر اداروں کی نجکاری روکنے، ٹھیکیداری نظام کے خاتمے، مزدوروں کی برطرفیوں کے انسداد، کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے مقرر کرنے، میڈیا ورکرز کے تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، صحافیوں کے خلاف مقدمات کے خاتمے، کچی آبادیوں کے انہدام کی روک تھام اور ریڈیو و پی ٹی وی کے پنشنرز کو فوری ادائیگیوں جیسے مطالبات شامل تھےاجتماع کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مزدور، صحافی اور دیگر طبقات متحد ہو کر اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔