فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کا اسلام آباد پولیس سیکیورٹی ڈویژن کا مطالعاتی دورہ
personشہر اقتدار
جولائی 25, 2025
0
share
اسلام آباد:انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کے وفد نے اسلام آباد پولیس کے سیکیورٹی ڈویژن کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد نوجوانوں کو
پولیس کے حفاظتی اقدامات، آپریشنل حکمتِ عملی اور جدید تکنیکی نظام سے روشناس کرانا تھا۔وفد کا استقبال ڈی ایس پی ڈپلومیٹک زون نے کیا اور شرکاء کو سیکیورٹی ڈویژن کی ورکنگ، کمیونٹی پولیسنگ، پٹرولنگ، ناکہ جات کی ترتیب اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
طلبہ و طالبات کو سی سی ٹی وی کنٹرول روم، دفاتر، پولیس میس، اصطبل اور ڈپلومیٹک انکلیو کا بھی دورہ کروایا گیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس اہم قومی و غیر ملکی شخصیات، غیر ملکی وفود اور سفارتی عمارات کی سیکیورٹی کے لیے جدید نظام استعمال کر رہی ہے۔
ایس ایس پی سیکیورٹی محمد سرفراز ورک نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ اور اسلام آباد پولیس کے امن کے پیغامبر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ طلبہ کا پولیس کے ادارے سے رابطہ اور سیکھنے کی جستجو خوش آئند ہے، اور یہی جذبہ ملک و قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔
وفد نے اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید سیکیورٹی اقدامات اور تکنیکی نظام کو سراہا اور پولیس افسران و عملے کا شکریہ ادا کیا۔