تھانہ صدر کے علاقہ بھیکو چھور میں کمسن بہن بھائی کا اندوہناک قتل، ڈی پی او سیالکوٹ کا فوری نوٹس
personشہر اقتدار
جولائی 28, 2025
0
share
سیالکوٹ (نامہ نگار) – تھانہ صدر کے علاقے گاؤں بھیکو چھور میں دل دہلا دینے والا واقعہ، جہاں گزشتہ رات ایک شہری کاشف علی کے دو کمسن بچے لاپتہ ہو گئے۔
کاشف علی نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی 6 سالہ بیٹی ام کلثوم اور 3 سالہ بیٹا وارث اچانک گھر سے غائب ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ نمبر 2131/25 درج کر کے بچوں کی تلاش کا آغاز کیا۔ افسوسناک طور پر آج صبح دونوں معصوم بچوں کی لاشیں گاؤں کے قریبی قبرستان سے برآمد ہوئیں۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے جبکہ اہل علاقہ شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری روانہ کر دی ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی لوگوں سے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قاتلوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔