بلوچستان: ژوب میں کلیئرنس آپریشن، مزید 14 دہشت گرد ہلاک، تعداد 47 ہو گئی
personشہر اقتدار
اگست 09, 2025
0
share
ژوب: پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کی تحصیل سمبازہ میں پاک-افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے خلاف جاری کلیئرنس آپریشن میں مزید 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جس کے بعد 2 روزہ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 47 ہو گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، گزشتہ شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 دہشت گردوں کو تلاش کر کے مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب، وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو ژوب کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے اور کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔