اسلام آباد: کورنگ ٹاؤن میں سفاری ویو پلازہ پر قبضے کی کوشش، معزز شہری کو ہراساں کیا گیا، دفتر سے 48 لاکھ روپے کا سامان چوری
personشہر اقتدار
اگست 28, 2025
0
share
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) — وفاقی دارالحکومت کے علاقے کورنگ ٹاؤن ایکسٹینشن میں واقع سفاری ویو پلازہ پر قبضے کی کوشش، دفتر میں توڑ پھوڑ، چوری اور ہراسانی کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ پلازہ کے مالک فہیم احمد ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک منظم قبضہ گروہ ان کی جائیداد پر غیر قانونی قبضے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
فہیم احمد ہاشمی، جو بحریہ ٹاؤن فیز تھری کے رہائشی اور ایک معزز کاروباری شخصیت ہیں، نے بتایا کہ ان کا بیٹا برطانیہ میں مقیم ہے اور وہ خود ایک پرامن شہری ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ علاقے کے بعض عناصر ان کی شرافت اور نرم مزاجی کا فائدہ اٹھا کر ان کی قانونی ملکیت پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق ناصر ولد عبد الستار نامی شخص اس گروہ کی قیادت کر رہا ہے، جس نے پلازہ میں موجود ہاسٹل کے طلبہ کو اشتعال دلا کر ان کے دفتر پر حملہ کروایا۔ حملے کے دوران دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی، تقریباً 48 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان چوری کیا گیا اور ہاشمی صاحب کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان طلبہ میں اکثریت افغانی اور پٹھان نوجوانوں کی ہے، جو تعلیم کے سلسلے میں وہاں مقیم تھے، لیکن ناصر نے انہیں ورغلا کر ہنگامہ آرائی میں استعمال کیا۔فہیم احمد ہاشمی کے مطابق ناصر اور اس کے ساتھیوں نے پلازہ کی تین سے چار منزلوں پر قبضہ جما رکھا ہے اور کرایہ دینے سے انکاری ہیں، حالانکہ ان کے ساتھ کرایہ داری کا معاہدہ 2021 میں ختم ہو چکا ہے۔ اس وقت یہ لوگ پلازہ میں "ڈاکٹر اے کیو اسکول" اور ایک ہاسٹل بھی چلا رہے ہیں، جو مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔
علاقے کے مکینوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک واضح مثال ہے کہ کس طرح معزز شہریوں کی قانونی جائیدادوں پر قبضہ مافیا ناجائز طور پر قابض ہو رہا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں نہ آئے تو علاقے کا پرامن ماحول شدید متاثر ہو سکتا ہے۔پلازہ کے مالک کے مطابق انہوں نے سفاری ویو پلازہ کی تعمیر و ترقی پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ پلازہ کورنگ ٹاؤن، پولیس فاؤنڈیشن اور پاکستان ٹاؤن فیز 2 جیسے پوش اور تعلیمی لحاظ سے اہم علاقوں کے وسط میں واقع ہے، تاہم قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کے باعث اب وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ ذمہ داران کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور متاثرہ شہری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔