google.com, pub-7579285644439736, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پنجاب حکومت کا عزاداروں کیخلاف کریک ڈاؤن قابلِ مذمت، گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے: شیعہ علماء کونسل

پنجاب حکومت کا عزاداروں کیخلاف کریک ڈاؤن قابلِ مذمت، گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے: شیعہ علماء کونسل

0

 اسلام آباد (سٹی رپورٹر)

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور بے بنیاد ایف آئی آرز کے اندراج کو بزدلانہ اقدام اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کردہ ویژن کے منافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے، گھروں پر چھاپوں اور عزاداروں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، اور تمام گرفتار عزاداروں کو فی الفور رہا کیا جائے۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد آخوندزادہ، قانونی مشیر سید سکندر گیلانی ایڈووکیٹ، راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری سید جابر حسن کاظمی، سینئر نائب صدر مولانا سید ضیغم عباس ہمدانی، مولانا عبدالمجید اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



علامہ شبیر میثمی کا کہنا تھا کہ اربعین امام حسینؑ سے قبل عزاداروں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، ان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور گھروں پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عزاداری سید الشہداءؑ کو محدود کرنے اور اس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہیں، جو کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، خصوصاً جنوبی پنجاب میں بیسیوں عزادار گرفتار کیے جا چکے ہیں، جو شہری و مذہبی آزادیوں کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف آئینی و قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی ویژن کے بھی منافی ہیں، جس سے حکومت کے خلاف عوام میں منفی تاثر پھیل رہا ہے۔

علامہ میثمی نے واضح کیا کہ عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی پابندی یا قدغن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گرفتاریوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا اور تمام عزاداروں کو رہا نہ کیا گیا تو عوام اپنے شہری اور مذہبی حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو گی، جس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !