پنجاب میں دریاؤں کی سطح آب میں کمی، سیلابی ریلا آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان
personشہر اقتدار
ستمبر 06, 2025
0
share
لاہور / کراچی (نمائندہ خصوصی) — پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلا آج رات سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (PDMA) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، بھارت سے کسی نئے سیلابی ریلے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث دریاؤں کی سطح آب میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج سمیت ہیڈ اسلام اور سلیمانکی کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں بھی سیلابی صورتحال قابو میں ہے اور بھارتی ڈیموں میں سطح آب میں بھی کوئی غیر معمولی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ شیرشاہ بند پر ایک بار پھر اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر سکتا ہے، جبکہ سندھ میں 7 سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا متوقع ہے، جو 8 ستمبر کی دوپہر تک سندھ میں داخل ہو جائے گا۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے کے بیراجوں اور ڈیموں پر پانی کی سطح میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، تاہم حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک اور الرٹ ہے۔ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔