دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، قطب شاہانہ پل پر دفعہ 144 نافذ: کمشنر ساہیوال
personشہر اقتدار
جولائی 23, 2025
0
share
ساہیوال (منیر ساجد ارائیں سے) – کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت شدید بارشوں کے بعد پانی کی نکاسی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کی صورتحال، دریا اور ڈرین سسٹمز پر دباؤ، اور عوامی تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ و فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایکسین ڈرینج عمر ابرار، ایکسین ایل بی ڈی سی محمد طلحہ، چیف آفیسر ضلع کونسل غلام دستگیر، ایکسین ہائی وے محمد رمضان، ڈی او ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر عبداللہ خالد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایکسین ڈرینج عمر ابرار نے بتایا کہ 15 اور 16 جولائی کو ضلع اوکاڑہ میں 335 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی، جس کے باعث مختلف دیہاتوں سے پانی کا اخراج تاخیر کا شکار ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سکھراوا ڈرین اور سکھ بیاس ڈرین کئی مقامات سے اوور فلو ہو گئیں، جس سے بارش کا پانی نزدیکی دیہات میں داخل ہوا۔ تاہم، خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ دیہاتی علاقوں میں زمینداروں کی طرف سے کھیتوں میں مٹی نکالنے کی وجہ سے بھی پانی کھڑا ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ تمام پانی کی مکمل نکاسی میں مزید چار دن لگنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ ایکسین عمر ابرار کے مطابق قطب شاہانہ پل پر دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: "عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے اور جہاں ضرورت ہو وہاں ریسکیو 1122 کی خدمات بھی بروئے کار لائی جائیں۔" انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی کی نگرانی خود کریں، اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔