google.com, pub-7579285644439736, DIRECT, f08c47fec0942fa0 خبر: حکومت کا ایک سال میں پی آئی اے سمیت 10 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

خبر: حکومت کا ایک سال میں پی آئی اے سمیت 10 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

0

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)، روز ویلٹ ہوٹل اور فرسٹ ویمن بینک سمیت 10 اہم سرکاری اداروں کی ایک سال کے اندر نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجکاری کا یہ عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس کا مقصد قومی معیشت پر بوجھ کم کرنا اور سرکاری اداروں کو فعال نجی شعبے کے حوالے کرنا ہے۔

قومی اسمبلی میں وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے مجموعی طور پر 24 اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک سال کے اندر 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں 3 سال کے دوران 13 ادارے اور تیسرے مرحلے میں 5 سال کے اندر ایک ادارے کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں جن اداروں کی نجکاری کی جائے گی ان میں شامل ہیں:

  • پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)

  • روز ویلٹ ہوٹل (نیو یارک)

  • فرسٹ ویمن بینک

  • ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن

  • زرعی ترقیاتی بینک

  • آئیسکو سمیت 3 بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز)

تحریری جواب میں بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، 4 بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں (جینکوز) اور لیسکو سمیت 6 ڈسکوز شامل ہوں گی۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کے مطابق حکومت نجکاری کے اس عمل کو شفاف، منصفانہ اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار سرمایہ کاروں کو بہتر مواقع اور اعتماد فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب حکومت کو 60 فیصد حصص کے بدلے صرف 10 ارب روپے کی بولی موصول ہوئی، جب کہ توقع 85 ارب روپے کی تھی۔ کم قیمت کی وجہ سے نجکاری بورڈ نے موصولہ بولیاں مسترد کر دی تھیں۔

حکومت کو امید ہے کہ نئی حکمت عملی اور بہتر سرمایہ کاری ماحول کی بدولت اس بار نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا سکے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !