اسلام آباد (نمائندہ) — مرکزی مسلم لیگ کے زونل صدر حسان اللہ منصور اور صدر انعام الرحمن کمبوہ کی مشترکہ صدارت میں اسلام آباد کی ضلعی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 7 تا 14 اگست کو ہفتہ آزادی "متحد قوم، فاتح پاکستان" کے موضوع کے تحت منانے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں آزادی کی مناسبت سے ریلیاں، کیمپ، سیمینارز، فیسٹیولز اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ خواتین، تاجروں، طلبہ، وکلاء، مزدوروں اور اقلیتی برادری سمیت ہر طبقے کے لیے علیحدہ علیحدہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سب کو شامل کیا جا سکے۔
شہر اقتدار کے بازار، گلیاں اور چوراہے سبز ہلالی پرچموں اور آزادی کے بینرز سے سجائے جائیں گے۔ یونین کونسلز، زونز اور مختلف شعبہ جات میں پرچم کشائی، ملی نغمے، شجرکاری کے پروگرامز اور نظریاتی محفلیں منعقد کی جائیں گی۔
مرکزی مسلم لیگ کا کہنا ہے کہ یہ تقریبات صرف جشن نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک کی شکل اختیار کریں گی، جس میں جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق میں کامیابی کا جشن بھی منایا جائے گا۔
مرکزی مسلم لیگ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جوش و جذبے سے اس ہفتۂ آزادی میں بھرپور شرکت کریں اور ملک کی ترقی اور اتحاد میں اپنا کردار ادا کریں۔