اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
اسلام آباد کے نواحی علاقوں، خاص طور پر ترنول سے 26 نمبر چونگی تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف غیر قانونی سی این جی پمپس کی بھرمار سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان پمپس کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے 2006 میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الاٹ کیا، حالانکہ زمین کی قانونی ملکیت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے پاس ہے۔
این ایچ اے کو صرف 220 فٹ کی حد میں تعمیرات کی اجازت تھی، مگر سی این جی پمپس 350 فٹ تک پھیل چکے ہیں، جن میں سے کئی کا سائز بھی مقررہ حدود سے تجاوز کر چکا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کو NHA کے کچھ افسران کی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ سی ڈی اے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
عوامی حلقوں اور سماجی تنظیموں نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مطالبات میں غیر قانونی پمپس کا خاتمہ، 2006 کی الاٹمنٹس کی شفاف انکوائری، تجاوزات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی، اور سی ڈی اے کی زمین کی واگزاری شامل ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدام نہ ہوا تو اسلام آباد کی منصوبہ بندی، خوبصورتی اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد شدید متاثر ہو سکتا ہے۔