چارسدہ: آر پی او مردان جواد قمر (ستارہ شجاعت، کیو پی ایم) کا دورہ، پولیس لائن میں دربار، شہداء کو خراجِ عقیدت، سہولیات اور امن و امان کا جائزہ
personشہر اقتدار
اگست 01, 2025
0
share
چارسدہ: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) مردان ریجن جواد قمر (ستارہ شجاعت، کیو پی ایم) نے آج ضلع چارسدہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جس کا مقصد پولیس کی کارکردگی، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لینا تھا۔دورے کا آغاز پولیس لائن چارسدہ میں چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی سے ہوا، جس کے بعد آر پی او جواد قمر ن یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ محمد وقاص خان نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آر پی او نے اپنے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ریکنسیلی ایشن کمیٹی (ڈی آر سی) کے ممبران سے ملاقات کی، جہاں ڈی پی او نے ڈی آر سی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آر پی او جواد قمر نے ڈی آر سی ممبران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پولیس اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ قرار دیا۔بعد ازاں سرکل افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی شرح، اور پولیس کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آر پی او نے پولیس سہولت مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا براہِ راست جائزہ لیا۔
آر پی او جواد قمر نے زیر تعمیر نئی پولیس لائن کا دورہ بھی کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں پولیس لائن میں ایک رسمی دربار کا انعقاد ہوا، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او کی چارسدہ آمد کو اعزاز قرار دیا اور کہا کہ ان کی موجودگی نہ صرف پولیس فورس کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ اہلکاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بھی ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔اپنے خطاب میں آر پی او مردان جواد قمر نے خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے پولیس اسٹیشنز اور چوکیاں، اہلکاروں کی رہائش، فلاحی اقدامات، اور انفراسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔
دربار کے بعد آر پی او نے پولیس لائن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں کوت، مس، اور رہائشی بیرکیں شامل تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے تھانہ سٹی چارسدہ کا دورہ کیا، جہاں سائلین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔دورے کے اختتام پر آر پی او جواد قمر نے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، جسے آر پی او نے جدید پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔