عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
personشہر اقتدار
اگست 08, 2025
0
share
قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اور ان سے اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زرتاج گل کا بطور پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا بطور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دے دیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو ارکان کی نااہلی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد نئے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور اسپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ منتخب ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، جبکہ پی ٹی آئی کے آزاد اراکین کو پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے لیے دوبارہ نام دینے ہوں گے۔
یہ پیش رفت فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آئی، جس میں 9 مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل وزیر سمیت پی ٹی آئی کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت 9 ارکانِ اسمبلی اور سینیٹرز کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
یہ تبدیلیاں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی صف بندی اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہیں، اور ممکن ہے کہ اپوزیشن کے اندر نئی قیادت سامنے آئے۔