وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنا گھر اپنی چھت" پروگرام اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ان کے دل کے قریب ہے اور اب تک 9 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 45 ہزار گھروں پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ قلیل مدت میں 64 ہزار افراد کو بلا سود قرضے دیے جا چکے ہیں، جو 9 سال کی آسان اقساط میں واپس کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنا گھر ہونے سے زندگی میں سکون آتا ہے اور کرائے کی فکر ختم ہو جاتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس سال کے آخر تک ایک لاکھ گھر تعمیر ہو جائیں گے، اور آئندہ ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہے۔ "اپنا گھر اپنی چھت کا کوئی متبادل نہیں۔ یہ 64 ہزار گھر نہیں بلکہ چلتی پھرتی داستانیں ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ بے زمین افراد کے لیے "اپنی زمین اپنا گھر" اسکیم شروع کی جا رہی ہے، جس کا آغاز 2 ہزار پلاٹس سے کیا جائے گا۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب احتجاج اور دھرنوں سے اکتا چکے ہیں اور فسادی سیاستدانوں کے چہرے پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر دوبارہ ابھر رہا ہے، اور عالمی ادارے بھی معیشت کے مثبت اشاریے دے رہے ہیں۔ "ہم وعدے پورے کر رہے ہیں اور ملک میں امن کی فضا بحال ہوئی ہے۔"
مریم نواز نے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات ملک کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ نواز شریف بھی عوام کے ریلیف کے لیے مسلسل ہدایات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ اور تصادم کی سیاست کو ہماری کارکردگی نے دفن کر دیا ہے۔"پنجاب کا مقدر اب سازشوں پر نہیں، کارکردگی پر لکھا جائے گا۔