گرجا روڈ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا، ایئرپورٹ جانے والا راستہ سفر کے قابل نہ رہا
personشہر اقتدار
اگست 01, 2025
0
share
سیوریج کا پانی، ٹوٹی سڑکیں، ٹریفک جام، ریسکیو ادارے بھی بے بسشہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
راولپنڈی (عبدالرحمان سے)
پوٹھوار ٹاؤن راولپنڈی کے اہم علاقے گرجا روڈ کی سڑک مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ یہ مرکزی سڑک نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے جا کر ملتی ہے، مگر گہرے گڑھوں، بہتے گندے پانی اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے یہاں سے گزرنا کسی عذاب سے کم نہیں رہا۔ علاقے میں سیوریج نالوں کا پانی مسلسل سڑک پر جمع رہتا ہے، جس سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ سڑک کی
خستہ حالی کے باعث ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی اداروں کا بروقت پہنچنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ ٹریفک پولیس بھی بے بس نظر آتی ہے۔ عوام نے سیاسی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "سیاسی نمائندے بارش کے مینڈکوں کی طرح نکلتے ہیں، فوٹو سیشن کرتے ہیں، دعوے کر کے غائب ہو جاتے ہیں، لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوتا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرجا روڈ کی فوری مرمت، سیوریج کے نظام کی درستگی اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لئے فوری نوٹس لیں، تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔