تھوراڑ (پریس ریلیز):
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما اور سابق ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے لیے ایک نظریاتی، جمہوری اور باوقار پلیٹ فارم ہے، جو صرف نعروں پر نہیں بلکہ عملی خدمت اور قومی تعمیر کے واضح وژن پر یقین رکھتی ہے۔ وہ تھوراڑ میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں متعدد باصلاحیت نوجوانوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔
تھوراڑ پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ھونے والے نوجوانوں کا سردار عبدالخالق وصی کے ھمراہ گروپ فوٹو
تقریب میں عامر شہزاد، جہانگیر عارف، نقاش ندیم اور آبدار خورشید سمیت دیگر نوجوانوں نے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور اسے اپنی فکری و سیاسی ترجیح قرار دیا۔ اس موقع پر پارٹی پرچم اور گلو بند پہنائے گئے اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت بشمول قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے ان نوجوانوں کو خوش آمدید کہا گیا۔
سردار عبدالخالق وصی نے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے باشعور نوجوانوں نے فتنہ، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر کے ترقی، استحکام اور قومی وحدت کے نظریے کو اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان صرف کارکن نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی وارث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے نوجوانوں کو بلدیاتی سے لے کر قومی سطح تک قیادت فراہم کی، ترقیاتی منصوبوں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف وعدے نہیں کرتی بلکہ قوم کے سامنے اپنی کارکردگی رکھتی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کو ہر فورم پر نمائندگی دے گی، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور قومی سیاست میں ان کا قائدانہ کردار یقینی بنائے گی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے شامل ہونے والے تمام نوجوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ قافلہ اب رکے گا نہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت، نظریہ اور خدمت کی سیاست ہی پاکستان اور آزاد کشمیر کا مستقبل ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) حلقہ تھوراڑ کے صدر سردار قمر جہانگیر خان، سب ڈویژن کے صدر سردار اشتیاق خان، سردار ظہیر خان، سردار الطاف حسین خان، سردار نزیر خان، سردار آصف، سردار فیصل محمود، سردار ضیافت خان، سردار نور عالم خان، سردار صفدر خان، صوبیدار صابر، سردار رشید شائق، سردار رفاقت حسین، سردار جاوید اشرف، سردار عدنان بشارت اور سردار عرفان لطیف نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کو شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔
بعد ازاں سردار عبدالخالق وصی نے تھوراڑ میں سردار نزیر خان، سردار وسیم منظور، سردار سعد انور، سردار کاشف نزیر اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی اور انہیں جماعتی سرگرمیوں میں مزید متحرک رہنے کی اپیل کی۔
سردار عبدالخالق وصی نے اندروٹ ناڑہ میں سردار عطرحسین خان کی بہو کی حادثاتی وفات پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی، سردار فیصل کے سسر سردار یامین خان کی عیادت کی، اور میدان رھاڑہ باندی میں سردار صابر خان کی وفات پر ان کے بیٹے سردار خالد اور سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا۔