پی ٹی آئی دہشت گردوں کیساتھ ہے، نیشنل ایکشن پلان پر کارروائی کوئی نہیں روک سکتا: طلال چوہدری
personشہر اقتدار
اگست 07, 2025
0
share
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے تحت جاری سیکیورٹی کارروائیوں کو کوئی نہیں روک سکتا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ "نیشنل ایکشن پلان کے تحت جو روزمرہ کی کارروائیاں ہیں، وہ جاری رہیں گی، اور انہیں کوئی نہیں روک سکتا، نہ کوئی نیا آپریشن ہو رہا ہے، نہ ہی کسی ممبر کو آنے جانے سے روکا گیا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات میں ریاستی اداروں پر حملے کیے، اور "یہی لوگ پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے جلاؤ گھیراؤ کرتے رہے۔"
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ احتجاج کی اجازت کے لیے درخواست 2 اگست کو دی گئی جبکہ احتجاج 5 اگست کو تھا۔ "درخواست میں دیے گئے نمبروں پر انتظامیہ نے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر کسی نے جواب نہیں دیا۔"
انہوں نے الزام لگایا کہ 2015 کے بعد پی ٹی آئی کے کسی رہنما پر کوئی حملہ کیوں نہیں ہوا؟ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے دہشت گردوں سے تعلقات تھے۔ "یہ سب کو معلوم ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو واپس کس نے بلایا۔"
عدالتوں سے متعلق پی ٹی آئی کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "جب پشاور سے اسٹے ملے تو عدالتیں اچھی لگتی ہیں، جب فیصلہ خلاف آئے تو عدلیہ کی توہین کی جاتی ہے۔"
زائرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث زمینی راستے سے زیارات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ حکومت تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کر رہی ہے تاکہ سفر کو ممکن اور محفوظ بنایا جا سکے۔