تحصیل غازی: تحریک انصاف ہی ملک کی اصل ترجمان جماعت ہے، چوہدری اشفاق گجر
personشہر اقتدار
اگست 08, 2025
0
share
نمائندہ خصوصی
تحریک انصاف تحصیل غازی کے سابق صدر اور جہازوں والے گروپ کے متحرک رہنما چوہدری اشفاق گجر نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی ملک کی اصل ترجمان جماعت ہے۔ ان کے مطابق عمران خان اور عمر ایوب خان آج بھی قوم کی امید ہیں، اور پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس جرات، استقلال اور استقامت سے قوم کے حق میں آواز بلند کی، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ چوہدری اشفاق گجر نے عمر ایوب خان کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف قومی سطح پر پارٹی کی بھرپور ترجمانی کی بلکہ اپنے حلقے میں بھی عوامی خدمت کی روشن مثال قائم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ ہمیشہ سے پی ٹی آئی کا ہراول دستہ رہا ہے، جس نے ہر کٹھن وقت میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا اور نظریاتی سیاست کو فروغ دیا۔ موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے وقت میں کارکنوں کو مزید متحد، نظریاتی اور متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔
چوہدری اشفاق گجر نے کہا کہ عوام اب جان چکے ہیں کہ عمران خان ہی وہ واحد رہنما ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ ان کی جدوجہد آئین، قانون اور عوامی حکمرانی کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی ایک بار پھر عوامی عدالت سے سرخرو ہو کر اقتدار میں آئے گی۔