افغانستان میں ہولناک زلزلہ: 800 سے زائد جاں بحق، ہزاروں زخمی
personشہر اقتدار
ستمبر 01, 2025
0
share
کابل (نمائندہ خصوصی) – افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ اور ننگرہار میں گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں اب تک 800 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 2,800 سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی محض 8 کلومیٹر تھی، جس نے نقصانات میں اضافہ کر دیا۔
زلزلہ رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا، جس کے بعد متعدد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جن میں سب سے بڑا جھٹکا 4.5 شدت کا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں نورگل، اسمار، اور چاپا درہ شامل ہیں جہاں کئی دیہات مکمل طور پر مٹی تلے دب گئے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق، امدادی ٹیمیں مرکز اور دیگر قریبی صوبوں سے روانہ کر دی گئی ہیں۔ مقامی رضاکار اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے کیونکہ متاثرہ دیہات زیادہ تر پہاڑی علاقوں میں واقع ہیں، جہاں سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو چکی ہیں۔ کئی خاندان اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اس آزمائش کی گھڑی میں افغان عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے ہر ممکن امداد کی پیشکش بھی کی۔
زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات اور مردان میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم پاکستان میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین ارضیات کے مطابق کم گہرائی کے زلزلے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد کے قریب تھا۔