google.com, pub-7579285644439736, DIRECT, f08c47fec0942fa0 اسلام آباد: صدر آر آئی یو جے طارق ورک سے پیش آنے والے واقعے پر آر پی او راولپنڈی کی معذرت، ایس ایچ او معطل، محرر چارج شیٹ، اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا اعلان

اسلام آباد: صدر آر آئی یو جے طارق ورک سے پیش آنے والے واقعے پر آر پی او راولپنڈی کی معذرت، ایس ایچ او معطل، محرر چارج شیٹ، اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا اعلان

0

 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر طارق ورک کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل جبکہ محرر کو چارج شیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر صحافتی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔



آر پی او راولپنڈی کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر آر آئی یو جے طارق ورک، سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیّر علی، سینئر نائب صدر احتشام الحق، پی آر اے کے صدر عثمان خان اور جنرل سیکرٹری نوید اکبر سمیت دیگر صحافتی رہنما بھی شریک تھے۔



بابر سرفراز الپا نے کہا کہ "ہم اس افسوسناک واقعہ کو فوری طور پر خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے تھے، تاہم کچھ انتظامی وجوہات کے باعث تاخیر ہوئی۔ اب ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن کو معطل کر دیا گیا ہے اور محرر کو بھی باقاعدہ چارج شیٹ کیا جا چکا ہے۔"



انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے صحافتی برادری اور پولیس افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ دونوں اداروں کے درمیان اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب آر پی او بابر سرفراز الپا نے صدر طارق ورک کو گلے لگا کر ان سے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ طارق ورک ایک ذمہ دار اور باوقار صحافی ہیں اور ہم ان سمیت پوری صحافتی برادری کے احترام پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔



وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہم نے خود یہ پیشکش کی تھی کہ طارق ورک صاحب کے گھر جا کر معذرت کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان کے مشورے پر ہم نیشنل پریس کلب حاضر ہوئے۔" انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری جمہوری نظام کا ایک اہم ستون ہے اور حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون اور احترام کا رویہ برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔طارق ورک نے اس


موقع پر بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا، "ہم دیہاتی لوگ ہیں، ہماری روایات اور خاندانی اقدار میں یہ شامل ہے کہ اگر کوئی خود چل کر گھر آ جائے تو اسے معاف کر دیا جاتا ہے، چاہے وہ کوئی قاتل ہی کیوں نہ ہو۔ آپ سب کی آمد میرے لیے باعث عزت ہے اور میں دل سے درگزر کرتا ہوں۔"



پی آئی او مبشر حسن نے طارق ورک کے اس جذبہ کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے جس ظرف اور رواداری کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔اس موقع پر موجود تمام صحافتی رہنماؤں نے واقعے کے پرامن حل اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے آر پی او بابر سرفراز الپا کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !