یوم دفاع پر جی ایچ کیو اور مختلف گیریژنز میں تقاریب، شہداء کو خراجِ عقیدت
personشہر اقتدار
ستمبر 06, 2025
0
share
اسلام آباد (6 ستمبر 2025):
یوم دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) راولپنڈی سمیت راولپنڈی، ملتان، کوئٹہ، اور کھاریاں کے گیریژنز میں پروقار تقریبات ہوئیں جن میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، جوانوں، اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ مرکزی تقریب میں چیف آف جنرل سٹاف نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ دیگر شہروں میں بھی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کی گئیں۔
شرکاء نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا سنہرا باب ہے، جو قوم کے غیرمتزلزل عزم اور افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کا مظہر ہے۔
کوئٹہ گیریژن میں ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان مہمانِ خصوصی جبکہ گورنر بلوچستان مہمانِ اعزاز تھے۔ تقریب میں کور کمانڈر بلوچستان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے کہا کہ قوم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ دشمن کی عددی برتری کے باوجود افواج پاکستان نے ثابت قدمی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔