اسسٹنٹ کمشنر خانپور کی غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک یونٹ بند
personشہر اقتدار
جون 20, 2026
0
share
سورج گلی میں کارروائی، ماحولیاتی قوانین اور معدنی ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات جاری رکھنے کا اعلان
ہری پور: اسسٹنٹ کمشنر خانپور نے تحصیل بھر میں غیر قانونی کرش پلانٹس اور غیر مجاز معدنی سرگرمیوں کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سورج گلی کے علاقے میں قائم ایک کرش پلانٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر خانپور نے کہا کہ غیر قانونی معدنیات کی نکاسی، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی احکامات اور قوانین کو نظر انداز کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی فرد یا گروہ کو غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے قومی وسائل کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل میں قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ماحولیات کے تحفظ اور سرکاری ضوابط پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔