لندن،سید محمد فضیل رضا عطاری کونمایاں سماجی خدمات پر اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا گیا
personشہر اقتدار
جولائی 06, 2026
0
share
سید محمد فضیل رضا عطاری کومتعدد تعریفی اسناد، شیلڈز، ٹرافیاں اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے
لندن(خصوصی رپورٹ) دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF) برطانیہ، یورپ اور کینیڈا کے نگران سید محمد فضیل رضا عطاری کو برطانوی معاشرے کے لیے ان کی نمایاں سماجی، رفاہی اور انسانی خدمات کے اعتراف میں برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز) میں
منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازاگیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے سید محمد فضیل رضا کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برطانیہ سمیت یورپ اور کینیڈا میں انسانیت کی خدمت، سماجی بہبود اور رفاہی منصوبوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہےجس کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔سید محمد فضیل عطاری کی قیادت میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن نے
قدرتی آفات، ہنگامی حالات، صحت، تعلیم، غذائی امداد اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعے لاکھوں مستحق افراد کی بلاامتیاز خدمت کی ہے۔ ادارے کی یہ خدمات برطانیہ کے علاوہ پاکستان، یورپ، افریقہ، ایشیا اور دنیا کے دیگر خطوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔گزشتہ چند برسوں کے دوران سید محمد فضیل عطاری کو برطانیہ، پاکستان اور مختلف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ان کی سماجی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں متعدد تعریفی اسناد، شیلڈز، ٹرافیاں اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خدمتِ انسانیت کا جذبہ
ہی کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے، جبکہ خلوص، دیانت اور مسلسل محنت سے انجام دی جانے والی خدمات ہمیشہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرتی ہیں۔واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں تبلیغِ دین کے ساتھ ساتھ فلاحی خدمات بھی انجام دے رہی ہے۔ اس کا فلاحی شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF) مذہب، نسل اور رنگ کی تفریق کے بغیر انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔دعوتِ اسلامی کے بانی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری کا پیغام ہے: "مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔" اسی فکر اور جذبے کے تحت دعوتِ اسلامی اور اس کے فلاحی ادارے دنیا بھر میں اپنی خدمات کا دائرہ مسلسل وسیع کر رہے ہیں۔